اینکر پرسن عمران ریاض کی بازیابی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر سماعت کے دوران وزارت دفاع کے نمائندے کا کہنا تھا کہ کوشش کررہے ہیں عمران ریاض جلد بازیاب ہوجائیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے کیس کی سماعت کی، اس دوران وزارت دفاع اور دیگر حکام کی جانب سے رپورٹس عدالت میں پیش کی گئیں۔
آئی جی پنجاب عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ایڈیشنل آئی جی اور ڈی پی او سیالکوٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت وزارت دفاع کے نمائندے کے عدالت کو بتایا کہ عمران ریاض کی بازیابی کیلئے بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ لوکیشنز سمیت دیگر ایشوز پر کام کررہے ہیں۔
نمائندہ وزارت دفاع نے کہا کہ اگر درخواست گزار کو کچھ انتظامی رکاوٹوں کا مسئلہ ہے تو اس کو دیکھ لیتے ہیں، کوشش کررہے ہیں کہ عمران ریاض جلد بازیاب ہوجائیں۔
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ تمام ادارے عمران ریاض خان کی بازیابی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، کوششوں سے لگتا ہے کہ عمران ریاض خان جلد بازیاب کرلئے جائیں گے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ کچھ جگہ پر انتظامی نوعیت کی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
عدالت نے عمران ریاض خان کی بازیابی کیلئے 25 جولائی تک مہلت دیدی۔