وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس میں نامزد ملزم سردار خان کو تسلی بخش جوابات نہ دینے پر حراست میں لے لیا گیا۔
بلوچستان میں قتل ہونے والے عبدالرزاق شر کے کیس سے متعلق جے آئی ٹی کا چھٹا اجلاس ہوا، جس میں نامزد ملزم سردار خان جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے۔
جے آئی ٹی ذرائع کے مطابق نامزد ملزم سردار خان نے غیر تسلی بخش جوابات دیئے جس پر مزید تفتیش کے لئے سردار خان کوحراست میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق قتل میں دوسرے نامزد ملزم تحریک انصاف کے چئیرمین جے آئی ٹی کے سامنے آج بھی پیش نہ ہوئے۔ جس پر ان سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل کے لئے غور کیا گیا۔
واضح رہے کہ وکیل عبدالرزاق شرکو 6 جون کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا، مقتول کے بیٹے نے چئیر مین تحریک انصاف سمیت 4 افراد کو اپنے والد کے قتل میں نامزد کیا تھا۔
پولیس سرجن کے مطابق ایڈووکیٹ عبدالرزاق کو 16 گولیاں لگیں، ان پرنائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی گئی۔
پولیس سرجن نے بتایا کہ وکیل کی موت سر میں 7 گولیاں لگنے سے ہوئی۔
عبدالرزاق شر کے اہلِ خانہ نے پوسٹمارٹم کرانے سے انکار کردیا تھا۔