Aaj Logo

شائع 04 جولائ 2023 02:36pm

ڈاکٹر بیربل قتل کیس، پولیس کے پاس ملزمان سے متعلق کوئی شواہد تاحال دستیاب نہیں

ڈاکٹر بیربل قتل کیس میں پولیس نے چالان پیش کردیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ پولیس کے پاس ملزمان سے متعلق کوئی شواہد تاحال دستیاب نہیں ہیں۔

کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں آئی اسپیشلسٹ ڈاکٹر بیربل قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ مقدمے میں سابق تفتیشی افسر نے اے کلاس چالان عدالت میں پیش کیا تھا۔

چالان کے مطابق ملزمان سے متعلق کوئی شواہد تاحال دستیاب نہیں ہیں، مقدمے میں پیشرفت یا شواہد ملنے ہر مزید کارروائی کی جائے گی، تفتیشی افسر نے اپنے تبادلے سے متعلق گذشتہ سماعت پر عدالت کو آگاہ کیا تھا۔

وکیل مدعی مقدمہ صلاح الدین پنہور نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ پولیس مقدمے میں بلکل بھی سنجیدہ نہیں ہے، ہائی پروفائل کیس میں پولیس نے اے کلاس رپورٹ جمع کرائی ہے، دن دہاڑے ایک ڈاکٹر کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا، مقدمے کے اندراج سے ہی تفتیشی افسر عدالت میں ہی نہیں آرہے۔

عدالت نے پولیس کے اے کلاس چالان پر نئے تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کرکے سماعت 4 جولائی تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ 30 مارچ 2023 کو کراچی میں لیاری ایکسپریس وے پر گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں معروف ماہر امراض چشم بیر بل جاں بحق اور خاتون ڈاکٹر زخمی ہوئی تھیں۔

Read Comments