ایشیا کپ 2023 کا شیڈول اب تک جاری نہ کیے جانے کی وجہ سامنے آ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ستمبر میں سری لنکا میں مون سون بارشوں کے باعث ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایشیاکپ کے شیڈول کا اعلان رواں ہفتے کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر میں مون سون بارشوں کے باعث کولمبو ایشیاکپ کی میزبانی نہیں کرےگا لہٰذا پاکستان اور بھارت کا میچ کولمبو میں نہیں کھیلا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کی میزبانی دمبولا کے کرنے کے قوی امکانات ہیں۔
دوسری جانب یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ ایشیا کپ میں شرکت کرنے والے ممالک کے ساتھ ابتدائی شیڈول شیئر کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2023 کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلاجائے گا جس میں ایونٹ کے اپتدائی 4 میچز پاکستان اور 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے۔