Aaj Logo

اپ ڈیٹ 03 جولائ 2023 08:06pm

نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا فیصلہ سعودی عرب میں متوقع

مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا فیصلہ سعودی عرب میں ہوگا۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کے قائدین کا دبئی میں اجلاس ہوا، جس میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی، اور نوازشریف کی واپسی سے متعلق سیاسی و قانونی امور پر حکمت عملی طے کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ ن چند دن میں اپنی انتخابی مہم شروع کر دے گی، اور قائد ن لیگ نے پارٹی کی انتخابی مہم کا ٹاسک مریم نواز کو سوںپ دیا، عام انتخابات سے پہلے انتخابی منشور کے لئے کمیٹی بنائی جائے گی، اور نواز شریف کی وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔

نوازشریف نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی کہ انتخابی بیانیہ نوجوانوں کو مدنظر رکھ کر بنایا جائے، اور مخالف سیاسی جماعت کی پالیسیوں کو مسلسل حدف تنقید بنایا جائے۔

ن لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ پنجاب سمیت تمام صوبوں میں اپنے امیدوار اتارے گی، جب کہ انتخابی اتحاد سے متعلق ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

نوازشریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا فیصلہ سعودیہ میں متوقع

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف آج رات دبئی سے سعودی عرب روانہ ہوں گے، اور مریم نواز بھی ان کے ہمراہ ہوں گی، جہاں دونوں کی اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا فیصلہ بھی سعودی عرب میں ہی متوقع ہے۔

اطلاعات کے مطابق نواز شریف اور ان کے ہمراہ جانے والے افراد 2 ہفتے سعودی عرب میں قیام کریں گے جہاں ان کی ملاقاتیں اہم شخصیات سے ہوں گی، جب کہ نواز شریف اور مریم نواز چند دن میں عمرہ بھی ادا کریں گے۔

نوازشریف سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے کئی وفود ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری پر گفتگو کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے سعودی عرب اور امارات سے سرمایہ کاری آنے کی توقع ہے۔

Read Comments