چئیرمین اے کے ڈی گروپ عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ سے معاہدے کے بعد سرمایہ کاروں نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے، اسی وجہ سے مارکیٹ میں مثبت رجحان جاری ہے۔
عقیل کریم ڈھیڈی نے آج نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ’پاکستان کو آئی ایم ایف کا اسٹینڈ بائے لون مل گیا، اور یہ جو اسٹینڈ بائے لون ملا ہے، یہ 9 مہینے کیلئے 3 بلین ڈالر آپ کو دیں گے، اور یہ 15 جولائی کو اپروول (منظور) ہوگا، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں کافی پازیٹیو امپیکٹ (مثبت رجحان) آیا ہے، اور یہ توقع تھی کہ مارکیٹ کو بڑھنا چاہئیے، اور اسی توقع کے ساتھ مارکیٹ بڑھی ہے‘۔
عید کے فوراً بعد کاروبار کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے باعث 100 انڈیکس میں 5.47 فیصد اضافے کے باعث اپر لاک لگ گیا تھا، جو ایک گھنٹے بعد دوبارہ بحال ہوا۔
کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 2279 پوائنٹس اضافہ ہوا اور انڈیکس 43 ہزار 721 پر پہنچ گیا۔ 100 انڈیکس میں اضافے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور 100 انڈیکس میں 2197 پوائنٹس کا مزید اضافہ ہوا ہے۔
عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ ’مارکیٹ کافی سستی تھی، پہلے ہی پینک (گھبراہٹ) بہت تھی اور پینک کی وجہ سے پرائس کے لیول کافی نیچے آئے ہوئے تھے۔ ’
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو آئی ایم ایف معاہدے کی صورت میں جو کامیابی ملی ہے اسے چھوٹی مارکیٹ کے سرمایہ کاروں نے خوش آمدید کہا ہے، آنے والے دنوں میں آپ مارکیٹ میں مزید بہتری دیکھ سکتے ہیں۔