لاہور: 9 مئی کو قصور میں توڑ پھوڑ کرنے اور سڑک بلاک کرنے کے کیس میں 26 ملزمان کی ضمانت میں 10 روز کی توسیع کردی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج اعجاز احمد بٹر نے 9 مئی کو قصور میں توڑ پھوڑ کرنے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور سڑک بلاک کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
ملزمان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ وہ بے گناہ ہیں، انہیں بلاجواز مقدمے میں نامزد کیا گیا، شامل تفتیش ہونا چاہتے ہیں لیکن گرفتاری کا ڈر ہے، لہٰذا ان کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔
عدالت نے 26 ملزمان کی قبل از گرفتاری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف قصور کے تھانہ الہ آباد میں مقدمہ درج ہے، 26 ملزمان نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔