وفاقی وزیر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی ٹارگیٹڈ نشستیں ہیں، ابھی بلاول کو وزیراعظم بنانے کی بات نہیں کی، بلوچستان اور کے پی میں پوزیشن بہتر ہورہی ہے، یہ میثاق جمھوریت کا حسن ہے کہ چوتھی دفعہ پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کر رہی ہے، الیکشن میں اتحادی پارٹیوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، میثاق جمہوریت نے مارشل لاء کا راستہ روکا، اسمبلیاں تیسری بار اپنی مدت پوری کررہی ہیں، ہم نے پی ٹی آئی کی حکومت آئینی طریقےسے ختم کی۔
خورشید شاہ نے کہا کہ امید ہے 11 اگست کو اسمبلیاں تحلیل ہوجائیں گی، سابقہ حکومت کو میثاق معیشت کی دعوت دی تھی، انہوں نے آئی ایم ایف معاہدہ روکنے کی کوشش کی، انہوں نے عسکری تنصیبات پر حملہ کرایا جو بھارت نہ کرسکا، یہ لوگ یہودیوں کی سیاست کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر پارٹی کی کوشش ہے کہ ہم حکومت بنائیں، اس وقت ہم الائنس میں ہیں، بلاول بھٹو کے وزیراعظم بننے کی بات نہیں کرسکتے، جو الیکشن میں جیت کر آئے گا وہ وزیراعظم بنائے گا، آئندہ الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے۔