امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضہ لینے سے کبھی ترقی نہیں کر سکتے، مشکلات سے نجات کا واحد حل عدل و انصاف کا نظام ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے قرضہ لینے سے کبھی ترقی نہیں کر سکتے، آئی ایم ایف نے 22 بار پاکستان کو قرضہ دیا، پاکستان کے کئی ارب سود میں چلے جاتے ہیں،
سراج الحق کا کہنا تھا کہ کیا آئی ایم سے قرضہ لینا ہی ترقی ہے، ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں اور وسائل کا صحیح استعمال کریں، ملک سے وی آئی پی کلچر اور کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا، مشکلات سے نجات کا واحد حل عدل و انصاف کا نظام ہے،
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں معاشی اور سیاسی تباہی ہے، روشن خوشحال مستقبل کےلیے سب کو جدو جہد کرنی ہو گی، اپنے حصے کا فرض ادا کریں اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھیں۔
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی ایک عظیم قربانی کی یاد میں منائی جاتی ہے، مملکت پاکستان اللہ کا نظام قائم کرنے کے وعدے پر بنا تھا، اللہ کی مرضی کا نظام قائم کردیں تو فساد ناانصافی ختم ہوجائے گا۔
حافظ نعیم نے کہا کہ سیاسی جماعتوں وڈیروں اشرافیہ نے ہمیں اپنے حق سے محروم کیا ہے، شہرمیں گندگی پہلے سے موجود ہے، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے معاہدے پرعمل نہیں ہوتا، ہمارے بلدیاتی نمائندے خدمت کے جذبے سے آئے ہیں، لیکن افسوس کہ ہمارے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ذمہ داریاں منتقل نہیں کی گئیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے25 ٹاونز کو وسائل مہیا نہیں کیے، بہت یوسیز اور ٹاونز کے آفس موجود ہی نہیں، ٹاونز کے ذمہ داران کو گاڑیاں تک نہیں دی گئیں، لیکن ہمارے نمائندے اختیار نہ ہونے کے باوجود کام کر رہے ہیں، کام کے معاملے میں کوئی لڑائی نہیں چاہتے، کراچی کا میئر سلیکٹیڈ اور مسلط کردہ ہے، مجموعی طور پر شہر کچرہ کنڈی کی صورت موجود ہے۔