تھانہ علی پور چٹھہ کے گاؤں برج تاشہ میں فائرنگ کے نتیجہ میں 3 افراد قتل ہو گئے۔
وزیرآباد کے تھانہ علی پور چٹھہ میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد قتل ہو گئے، قتل ہونے والوں میں دو سگے بھائی اور ایک ان کا بیٹا شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ نواحی گاؤں برج تاشہ میں پیش آیا، اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا۔
حکام نے بتایا کہ قتل ہونے والوں میں باپ، بیٹا اور چچا شامل ہیں، جن کی شناخت منور، افتخار اور سعد بن افتخار کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ تینوں مقتولین کو ملزم نعمان حیدر چٹھہ نے نماز عید کے بعد ڈیرے پر بلا کر بے دردی سے قتل کیا، تاہم وجہ عناد تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم نعمان حیدر اپنی موٹر سائیکل پر منور چٹھہ کو ڈیرے پر لایا، جبکہ اس کے بھائی افتخار چٹھہ کو پہلے ہی ڈیرے پر بلا یا ہوا تھا، ملزم نے دونوں بھائیوں کو یکے بعد دیگرے فائرنگ کر کے قتل کیا، فائرنگ کی آواز سن کرافتخار چٹھہ کا بیٹا سعد چٹھہ ڈیرے پر پہنچا تو ملزم نے اس پر بھی گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقتول سعد کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس نے سی ایس ایس کا امتحان پاس کر رکھا تھا اور کچھ ہی عرصہ میں اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر چارج لینے والا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نعمان 6 سال قبل اپنے والد سرفراز چٹھہ کو بھی رات کی تاریکی میں فائرنگ کر کے قتل کر چکا ہے، تہرے قتل کی واردات کے بعد پولیس کے اعلی’ افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے، اور نامزد ملزم کی تلاش کی جارہی ہے۔