Aaj Logo

اپ ڈیٹ 28 جون 2023 06:14pm

مالاکنڈ میں رشتے کے تنازعے پر 9 افراد قتل کے بعد لاشوں سمیت احتجاج

ملاکنڈ میں رشتے کے تنازعے پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک ہی گھر کے 9 افراد کو قتل کردیا۔

مالاکنڈ کے نواحی علاقے بگردرہ خار میں مبینہ رشتے کے تنازعے پر مسلح افراد نے گھر میں گھس کر سوئے افراد پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک ہی گھرکے 9 افراد جابحق ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو بٹ خیلہ اسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو کے مطابق مرنے والوں میں چار خواتین دو بچے اور تین مرد شامل ہیں، جن کی شناخت حسن شاہ اور اس کی اہلیہ حبیب الحرام، حضرت علی، حضرت بلال، صخران، زحران، رابعہ، رقیہ بی بی شامل ہیں۔

اہل علاقہ کا لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج

دلخراش واقعے کے خلاف ورثا اور اہل علاقہ نے پیران کے مقام پر لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ 9 افراد کے قتل میں ملوث ملزم کو جب تک گرفتار نہیں کیا جاتا ، اس وقت تک لاشوں کو نہیں دفنائیں گے۔

اسسٹنٹ کمشنربٹ خیلہ شکیل احمد خان نے مظاہرین سے کامیاب مزاکرات کیے اور ملزمان کو گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد مظاہرین نے دھرنا ختم کیا اورمنتشر ہو گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم 2 ساتھیوں سمیت بریکوٹ سوات سے گرفتارکیا جاچکا ہے، اور ان کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے، ملزمان کو آج میڈیا کے سامنے پیش کریں گے۔

مقتولین کی نماز جنازہ ادا

جانب بگردرہ میں جاں بحق ہونے والے 9 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مقتولین کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا اعظم خان نے نوٹس لے لیا

نگران وزیر اعلی اعظم خان نے پولیس کے اعلی حکام کو واقعے کی تحقیقات اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی سفاکانہ اور قابل مذمت اقدام ہے، واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت بچ نہیں سکتے، قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

گورنر کے پی کا اظہار افسوس

گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے اندوہناک واقعہ پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے تعزیت کی اور کہا کہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، اس میں ملوث ملزمان سخت سزا کے حقدار ہیں۔

Read Comments