کراچی: جناح اسپتال میں ٹک ٹاکر عائشہ کی لاش چھوڑ کر فرار ہونے کے مقدمے میں ملزم جبران کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ٹک ٹاکر عائشہ کی لاش جناح اسپتال میں چھوڑ کر فرار کے مقدمے پر سماعت ہوئی، پولیس نے ملزم جبران کو عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے ملزم جبران کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا اور ملزم کو 30 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔
دوران سماعت پولیس نے عدالت کو بتایا ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ملزم نے عدالت کو بتایا مجھ پر کوئی تشدد نہیں کیا گیا، زمین پر گری ہوئی خاتون کی جان بچانا میرا جرم بن گیا ہے۔
عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کہ آپ نے ایمبولینس یا 15 پر کال کیوں نہیں کی جس پر وکیل صفائی نے بتایا ملزم ان پڑھ ہونے کی وجہ سے پولیس یا ایمبولینس سروس سے رابطہ نہیں کرسکا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاکر عائشہ کس بنگلے پر تھی، پولیس نے بتا دیا، بیٹی نے پسند کی شادی کی، والد
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خاتون سمیت دو افراد جناح اسپتال میں ٹک ٹاکر عائشہ کی لاش چھوڑ کر چلے گئے تھے جس کے بعد پولیس نے ملزم جبران عرف جمی کو گرفتار کیا تھا جب کہ عائشہ کی ساس کا بیان لینے کے بعد اسے بھی شامل تفتیش کیا جا چکا ہے۔
اس کے علاوہ پولیس مقتوفیہ عائشہ کے شوہر عادل کو بھی حراست میں لے چکی ہے، عادل کو گلستان جوہر میں چھاپہ مار گرفتار کیا گیا تھا۔