Aaj Logo

شائع 28 جون 2023 12:33pm

زبیر نیازی کے کہنے پر لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کی، گرفتار ملزم کا دعویٰ

سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ میں ملوث سابقہ ریکارڈ یافتہ اور پیشہ ور شوٹر محسن عرف لمبا گرفتار کر لیا گیا۔

لاہور میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لطیف کھوسہ کے گھر فائرنگ کی گھتی سلجھ گئی، فائرنگ میں ملوث ملزم محسن عرف لمبا کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج

انہوں نے کہا کہ ملزم کا اعترافی بیان میں کہنا تھا کہ اس نے پی ٹی آئی رہنما زبیر خان نیازی کے کہنے پر لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کی، زبیر نیازی نے اپنا ایک بندہ بھی نشاندہی کے لئے ساتھ بھجوایا تھا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا کہ ملزم کو حملے کے لئے 10 لاکھ روپے دیئے گئے، ملزم ایک لاکھ روپے ایڈوانس وصول کر چکا تھا، یہ ایک سیاسی جماعت کا کارکن ہے۔

کامران عادل کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کا زبیر نیازی سے تعلق قائم ہوا تھا، اس نے اعتراز احسن کے گھر پر بھی فائرنگ کا منصوبہ بنایا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نامعلوم افراد کی جانب سے لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کی گئی تھی جس میں ان کا ڈرائیور جاوید مزمل زخمی ہوا تھا، فائرنگ کے بعد پولیس کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق حملہ کرنے والے چار ملزمان تھے، دو ملزمان موٹرسائیکل پر اور دو پیدل تھے جب کہ ملزمان کی ڈی ایچ اے ناکہ سے گزرنے کی تصویر بھی حاصل کرلی گئی تھیں۔

Read Comments