وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سیلاب سے بچاؤ کیلئے 194 ارب 62 کروڑ کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے، وزارت کا منصوبہ چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شروع کیا جائے گا، منصوبہ وفاقی وصوبائی فنڈزسمیت ڈونرزکے فنڈزسے شروع کیا جائے گا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ماکھی فراش لنک کینال سندھ کیلئے 12 ارب سے زائد فنڈز کی منظوری دی گئی، سیلاب سے متاثرہ کچھی کینال منصوبے کیلئے 8 ارب سے زائد کے فنڈز منظور کئے گئے ہیں، کچھی کینال منصوبہ کو 2022 کے سیلاب میں نقصان ہوا تھا۔
اعلامیے کے مطابق ایکنک نے نیو بالا کوٹ سٹی منصوبے پر بھی غور کیا، اور متعلقہ محکموں کو تکنیکی اور مالیاتی تضادات دور کرنے کی ہدایت کی۔
ایکنک اجلاس میں ملک کے 36 اضلاع کیلئے قومی ملٹی سیکٹرل نیوٹریشن پروگرام منظور کرلیا گیا، پروگرام 2025 تک وفاقی حکومت اوراسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مکمل ہوگا۔
اجلاس میں 36 کلو میٹر سندھ کوسٹل ہائے وے کیلئے 16 ارب 20 کروڑ سے زائد فنڈز منظورکئے گئے، سندھ کوسٹل ہائے وے منصوبہ وفاقی ترقیاتی پروگرام کے فنڈز سے بنے گا۔ ایکنک نے لاہور سیالکوٹ 73 کلو میٹر موٹروے منصوبے کی بھی منظوری دے دی، جس پر 36 ارب 81 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی، منصوبے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت فنڈز خرچ کرے گی۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں روڈ انفراسٹرکچر منصوبہ این پانچ بھی منظور کرلیا گیا ہے، منصوبے پر 12 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی، اور منصوبہ بھی سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا۔