وزیراعظم شہبازشریف نے لاہور میں حالیہ بارشوں پر نکاسی آب کا مناسب اور بروقت انتظام نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت عید قرباں پر شمالی پنجاب بالخصوص لاہور میں متوقع پری مون سون بارشوں کی تیاری پر جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعطم نے لاہور میں حالیہ بارشوں پر نکاسی آب کا منساب اور بروقت انتظام نہ کرنے اور سیلابی صورتحال میں ناقص کارکردگی کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کوتاہی برتنے والے متعلقہ حکام کو فی الفور معطل کریں، متعلقہ اداروں کے سست اقدامات نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کیا، متوقع بارشوں سے پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال کیلئے مکمل تیاری کی جائے، تمام دستیاب وسائل کوبھرپوراستعمال کرتے ہوئے ایمرجنسی پلان مرتب کیا جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عیدِ قرباں کے دنوں میں انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ رہے، قربانی کی کھالیں اکھٹی کرنے کی سخت مانیٹرنگ کریں تاکہ کوئی ممنوعہ تنظیم قربانی کی کھالیں اکٹھی نہ کر سکے، شہریوں کے لئے صفائی ستھرائی کے انتظامات یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ لاہور میں ہونے والی حالیہ بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، نشیبی علاقے زیرآب اور سڑکیں تالاب بن گئیں جبکہ مختلف حادثات اور آسمانی بجلی گرنے سے 20 افراد جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
سیلابی صورتحال پر وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے نگراں پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو نکاسی آب کے لیے فوری اقدامات کرنے اور تمام متعلقہ اداروں کی ٹیموں کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے برساتی صورتحال پر مانیٹرنگ اور انتظامی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹے کی بنیاد پر نکاسی آب کے انتظامات کریں۔
##وزیراعظم کی عازمین حج کو مبارکباد
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں فریضہ حج کی ادائیگی کرتے لاکھوں عازمینِ حج، تمام پاکستانیوں اور امت مسلمہ کو میری طرف سے حج 1444ھ بہت بہت مبارک ہو۔
وزیراعظم نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ حج کے موقع پر میری بارگاہِ ربِ جلیل میں یہ دعا ہے کہ پاکستان کی تمام معاشی مشکلات دور ہوں، اور پاکستان ترقی، امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنے۔
شہبازشریف نے ٹویٹ کیا کہ میری اس حج کے اس پاک موقع پر یہ بھی دعا ہے کہ خدائے بزرگ و برتر امت مسلمہ بالخصوص ہمارے کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کی تمام مشکلات دور کرے۔