Aaj Logo

اپ ڈیٹ 27 جون 2023 03:27pm

سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کی اہلیہ کو جیل بھیج دیا گیا

عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں گورنر پنجاب رہنے والے عمر سرفراز چیمہ کی اہلیہ رابعہ سلطان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی۔

پولیس نے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کی اہلیہ رابعہ سلطان کو پیش کیا اور ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے عمر سرفراز چیمہ کی اہلیہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر دوبارہ جیل بھیج دیا ۔

یاد رہے کہ 23 جون 2023 کو عدالت نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی اہلیہ رابعہ سلطان کو شناخت پریڈ کے لئے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

درخواست ضمانت پر پولیس سے جواب طلب

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی اہیہ رابعہ سلطان کی رہائی کیلئے درخواست ضمانت پر 4 جولائی کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس سے جواب طلب کرلیا ۔

جناح ہاؤس لاہور پرحملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے معاملے میں رابعہ سلطان نے وکیل کی وساطت سے درخواست ضمانت دائر کی تھی۔

عدالت نے ملزمہ کی 27 جون تک شناخت پریڈ مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔

Read Comments