عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر کی عبوری ضمانت میں سات جولائی تک توسیع کر دی جبکہ پی ٹی آئی چیئرمین کی بہن علیمہ خان نے جناح ہاؤس جلاؤ گھراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمہ میں درخواست ضمانت واپس لے لی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمرکی عبوری ضمانت میں7 جولائی تک توسیع کردی۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔
یاد رہے کہ نو مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی گرفتاری پر ملک بھر میں پُرتشدد احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے۔ شرپسندوں کی جانب سے قومی اور فوجی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔ نو مئی کے بعد ہی اسد عمر کے خلاف عسکری ٹاور میں جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ بنایا گیا۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کی جناح ہاؤس جلاؤ گھراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمہ میں درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔ علیمہ خان کیخلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج ہے۔
علیمہ خان اپنی عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئیں اور ان کے وکیل نے استدعا کی کہ علیمہ خان اپنی درخواست ضمانت واپس لینا چاہتی ہیں اس لیے ان کو درخواست ضمانت واپس لینے کی اجازت دی جائے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے استدعا منظور کرلی۔