الائیڈ اسپتال سے اغواء ہونے والے نومولود بچے کو اغواء کار خاتون کھیتوں میں چھوڑ کر فرار ہو گئی، پولیس نے بچے کو شناخت کے بعد ماں کے حوالے کردیا۔
21 جون کو فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال کے وارڈ سے اغواء ہونے والا نومولود بچہ دوبارہ اپنی ماں کے پاس پہنچ گیا، جڑانوالہ کے رہائشی صداقت کے گھر 11 سال بعد بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، تاہم ایک عورت اسے اغوا کرکے لے گئی۔
پولیس کے مطابق اغواء کار خاتون جھنگ روڈ پر ائیرپورٹ کے قریب بچے کو کھیتوں میں چھوڑ کر فرار ہو گئی، بچے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور بچے کو قبضہ میں لیکر والدین سے شناخت کروانے کے بعد ماں کے حوالے کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اغواء کار خاتون کی تلاش جاری ہے، جسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ”آج نیوز“ نے بچے کے اغواء کی خبر نشر کی تھی اور بچے کو اغوا کرکے لے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی آج نیوز نے چلائی تھی۔
جڑانوالہ کے رہائشی صداقت کے گھر 11 سالہ بعد بیٹا پیدا ہوا تھا، جسے 4 دن کے بعد الائیڈ ہسپتال کی آمنہ وارڈ سے نامعلوم خاتون نے اغواء کرلیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق اغواء کار خاتون نے بچے کے لواحقین سے قربت ظاہر کی، جس کے بعد نشہ آور چائے پلانے کے بعد بچے کو اغواء کرکے لے گئی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی جس میں اغواء کار خاتون کو بچہ لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ بچے کے اغوا کی رپورٹ تھانہ سول لائن میں درج کرادی گئی تھی۔