کوسٹ گارڈز نے کپکپار کے علاقے میں واقع ایک خالی گھر سے 136 ملین ڈالر کی منشیات برآمد کرلی۔
ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر بلوچستان کے علاقے کپکپار میں کارروائی کی گئی اور دوران آپریشن ایک خالی گھر سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔
ترجمان کوسٹ گارڈ کے مطابق کاروائی میں 5166 کلو گرام چرس، 274 کلو گرام کرسٹل اور 53 کلو گرام ہیروئین برآمد کی گئی۔
ترجمان نے بتایا قبضے میں لی جانے والی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 136 ملین ڈالر ( پاکستانی 38 ارب 93 کروڑ 34 لاکھ 27 ہزار) ہے، اور ممکنہ طور پر یہ منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کیلئے چھپائی گئی تھی، تاہم کوسٹ گارڈز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے یہ منصوبہ ناکام بنا دیا۔