ناران کے قریب بٹل کے مقام پراسٹیل کا پُل نصب کیے جانے کے بعد ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے مطابق اسٹاف نے جمعہ 23 جون کو بٹل پُل کی تنصیب کا کام شروع کیا تھا جسے اتوار 25 جون کی شب کو مکمل کیا گیا۔
پہاڑی نالے پر قائم بٹل پُل گزشتہ سال مون سون بارشوں کے دوران سیلابی ریلے میں بہہ گیا تھا جس سے ناران جانے والے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
مئی میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی حکام کا کہنا تھا کہ 10 سے 12 روز میں پُل کی بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا۔
علاقہ مکینوں نے بھی این ایچ اے اورحکام سے مطالبہ کیا تھا کہ پُل کی فوری بحالی سے ان کی مشکلات کو کم کیا جائے۔
پُل کھلنے کے بعد گلگت جانے والے مسافروں کو بھی متبادل راستے کی سہولت مل گئی ہے۔