تحریک انصاف کے رہنما سابق وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر خیبر عبدالناصر نے سابق وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری کو تین ایم پی او کے تحت گرفتار کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے ریاستی اداروں کے خلاف تقاریر کرتے ہوئے ملک کی پر امن فضاء اور باہمی رواداری کو نقصان پہنچایا ہے اور انہوں نے بڑے پیمانے پر شہریوں کو غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کے لئے اکسایا ہے۔
حکم نامے کے مطابق سابق وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری کو گرفتار کرکے 30 روز تک سنٹرل جیل پشاور میں رکھا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیر نورالحق قادری کے خلاف مقدمہ لنڈی کوتل میں درج کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیر کے خلاف مقدمہ جمرود کے علاقے شاکس کے رہائشی نے 22 جون کو درج کروایا۔
نور الحق قادری کے خلاف درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر مذہبی امور نے شہریوں کو اداروں کےخلاف اکسایا، ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔