Aaj Logo

شائع 25 جون 2023 03:03pm

خواجہ آصف نے چئیرمین سینیٹ مراعات بل اور اسمبلی اراکین کے پروٹوکول کی مخالفت کردی

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امید ہے آئی ایم ایف سے معاہدہ جلد ہوجائے گا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتےہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ حج پر جانے والے اراکین نے خود اپنے اخراجات اٹھائے، حج پر جانے والے اراکین کو کوئی سہولت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی بھی عام فلائٹ کے ذریعے حج کریں گے، سرکاری خرچ پر کوئی رکن حج پر نہیں گیا۔

وزیر دفاع نے کہا اس وقت ہماری مشکلات ہمالیہ سےبھی زیادہ ہیں۔

انہوں نے چئیرمین سینیٹ کی مراعات میں اضافے کے بل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام تکلیف میں ہیں، ان حالات میں ایسی مراعات درست نہیں، تاحیات تو ایسی مراعات درست نہیں، ہم اس بل کا کسی طور دفاع نہیں کرسکتے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ وزرا کے ساتھ پروٹوکول کم کیا جائے، یہ نہیں ہونا چاہئے، ہم پروٹوکول کے ساتھ گزرتے ہیں تو لوگ گالیاں دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جو ہم پروٹوکول استعمال کرتے ہیں ، یہ ڈالے آگے پیچھے، تو جب اقتدار چلا جاتا ہے تو پولیس پیچھے ہوتی ہے آگے نہیں ہوتی، اس لیے یہ پروٹوکول نہ استعمال کریں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ دالے ناصرف سڑکوں پر بلکہ پارلیمنٹ لاجز میں بھی تیز رفتار سے چلائے جاتے ہیں، میں پیدل واک کر رہا تھا، برابر سے ڈالا گزرا تو میں چھلانگ مار کر ایک طرف ہوا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اگر جان کا خوف ہے تو چھوڑ دیں یہ پنگا نہ لیں، ایک عام شہری کی زندگی گزاریں، تمام ایم این ایز، ایم پی ایز صرف ایک پولیس اہلکار گاڑی میں رکھیں، جن کو ضرورت ہے وہ رکھتے ہیں پرائیویٹ سیکیورٹی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے ووٹروں کے ساتھ رشتے کو مضبوط کریں گے۔

Read Comments