پشاور میں ببلو، سونو اور شیرو کی دھوم ہے۔ قربانی کے جانور دیکھ کر بچے بہت خوش ہیں اور سیلفیاں بھی بناتے ہیں۔
عید الاضحیٰ کے لیے جہاں ایک جانب شہری جانوروں کی خریداری کے لیے منڈیوں کا رخ کررہے ہیں، تو دوسری جانب پشاور کے علاقے کوہاٹی کے رہائشی فیضان نے دو دنبے اور ایک بکرا پالا۔ ایک سال میں ایک دنبے کا وزن 3 من ہوگیا جبکہ بکرا ڈھائی من تک پہنچ گیا۔
فیضان کا کہنا ہے کہ دنبے اور بکرے کو بڑی محنت سے پالا ہے۔ دنبوں کو کھانے میں چنا، گندم، ڈرائی فروٹ اور جو سمیت مختلف قسم کی خوراک دی جاتی ہے جو انھیں صحت مند رکھے ہوئے ہے۔
فیضان کے دنبوں کی وجہ سے علاقے کے بچوں کو بھی کھیل مل گیا۔ بچوں کا کہنا ہے کہ قربانی کے جانور دیکھ کر ہمیں بہت اچھا لگتا ہے اور ہم زیادہ وقت ان کے پاس ہی گزارتے ہیں۔
بچے دن بھر دنبوں کو گھونگرو پہنا کر علاقے میں گھماتے رہتے ہیں۔ بچوں کی دنبوں کے ساتھ سیلفیاں اور کھیل تماشہ عید کے پہلے روز تک جاری رہے گا۔