لاہور کے سابق سی سی پی او غلام محمود ڈوگر پر لینڈ مافیا کی سرپرستی کرنے کا الزام سامنےآگیا، اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کردیں۔
غلام محمود ڈوگر کے ڈی ایچ اے میں قمیتی اراضی ہتھیانے کیلے ریکارڈ میں ردو بدل اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
اینٹی کرپشن نےغلام محمود ڈوگر کےخلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔ محکمہ انسداد رشوت ستانی نے ریونیو اسٹاف کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر 23 اپریل 2023 کو ریٹائر ہوگئے تھے۔ انہیں کریئر کے آخر میں تحریک انصاف کے دور حکومت میں مبینہ سیاسی کردار نے متنازع بنائے رکھا۔
غلام محمود ڈوگر عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے بننے والی جے آئی ٹی کے سربراہ بھی رہے۔ وفاقی حکومت نے ان کو عہدے سے بھی ہٹایا تھا اور احکامات نہ ماننے پر انہیں معطل کردیا تھا، تاہم انہوں نے اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا اور عدالتی احکامات حاصل کرکے پوسٹنگ نہیں چھوڑی۔
غلام محمود ڈوگر کو وفاقی وزرا پر مقدمہ درج کرنے پر بھی کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب کہ تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد سے گفتگو کی مبینہ آڈیو لیک ہونے پر بھی وہ میڈیا کی زینت بنے رہے۔