جونیئر مینز ہاکی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا، میگا ایونٹ کوالالمپور اور ملائیشیا میں 5 سے 16 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔
فیڈریشن انٹرنیشنل ہاکی (ایف آئی ایچ) کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق جونیئر مینز ہاکی ورلڈ کپ میں جو ٹیمیں شرکت کریں گی، انہیں 4 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پاکستان کو پول ڈی میں رکھا گیا ہے، پول ڈی میں پاکستان، ہالینڈ، بیلجیئم اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں، ہر پول سے 2 ٹاپ ٹیمیں کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
پاکستان پہلا میچ 6 دسمبر کو ہالینڈ، دوسرا میچ 7 دسمبر کو نیوزی لینڈ جبکہ تیسرا اور آخری میچ 9 دسمبر کو بیلجیئم کے خلاف کھیلے گا جبکہ 2 ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 16دسمبر کو ہوگا۔
گزشتہ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان کی گیارہویں پوزیشن رہی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان نے 1993 میں آخری بار جونیئر ہاکی ورلڈ کپ فائنل کھیلا تھا۔