بحیرہ روم میں یونان کے قریب کشتی حادثے کے بعد حکام نے رشتہ داروں کے لیے ہاٹ لائن قائم کردی ہے۔
گزشتہ ہفتے بدھ کے روز تارکین وطن سے بھری ایک کشتی، جو لیبیا سے اٹلی جا رہی تھی، یونانی ساحل سے 47 ناٹیکل میل دور ڈوب گئی۔
حادثے میں اب تک 104 افراد کو بچایا جاسکا ہے، جب کہ 80 سے زائد لاشیں نکال لی گئیں۔ زندہ بچ جانے والوں کے بیانات کے مطابق، جہاز میں 750 افراد سوار تھے۔
ان افراد میں 12 پاکستانی بھی شامل ہیں جنہیں پناہ گزین کارڈ جاری کیا جاچکا ہے۔
بچاؤ کی کوششیں کل (23 جون) تک بھی جاری تھیں، تاہم کشتی ڈوبنے کے ایک ہفتے سے زیادہ گزرنے کے بعد اب زندہ بچنے والوں کی تلاش کی امید دم توڑ گئی ہے۔
کشتی حادثے کے متاثرین کی شناخت کے لیے یونان کی وزارت برائے ہجرت و پناہ میں ایک کال سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
لواحقین 00302131386000 پر فون کے ذریعے یا dvi@astynomia.gr پر ای میل کے ذریعے Hellenic Disaster Victim Identification Team سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
کال سینٹر سے انگریزی، عربی، پشتو اور اردو میں صبح 9 بجے سے شام 7 بجے کے درمیان رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
کشتی ڈوبنے کی وجہ ابھی تک پوری طرح سے معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ لیکن بچ جانے والے کئی افراد نے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے ساتھ ساتھ یونانی تفتیش کاروں کو بتایا کہ یونانی کوسٹ گارڈ نے ماہی گیری کشتی کو کھینچنے کی کوشش کی جو اس کے الٹنے کا سبب بنی۔
تاہم یونانی کوسٹ گارڈ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشتی کے تباہ ہونے کی وجہ کشتی پر خوف و ہراس کا پھیلنا تھا۔
متعدد تنظیموں نے کئی گھنٹے پہلے الرٹ کے باوجود مصیبت میں ڈوبی کشتی کو فراہم کی جانے والی امداد کی مبینہ کمی پر تنقید کی ہے۔
پورے یونان میں کشتی حادثے کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بحیرہ روم میں ہونے والی اموات کو روکنے کے لیے یورپ کے لیے محفوظ قانونی راستوں کا مطالبہ کرنے کے لیے مظاہرے ہوئے۔
مزید برآں ایک بیان بھی جاری کیا گیا جس پر 180 سے زائد تنظیموں نے دستخط کیے تھے، جس میں کشتی حادثے کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات، بیرونی یورپی سرحدوں اور یورپی یونین میں داخل ہونے کے لیے محفوظ اور قانونی راستوں پر پش بیکس اور عدم امداد کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔