بلوچستان کے ضلع تربت میں چاکراعظم چوک کے قریب پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر خودکش حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ لیڈی کانسٹیبل سمیت 2اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق تربت پولیس کے اہلکار ہفتے کو گاڑی میں ایک کارروائی کے بعد واپس تھانے جا رہے تھے جبکہ سیکیورٹی فورسزکی 2 گاڑیوں میں سوار اہلکار معمول کی گشت کر رہے تھےکہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی گاڑیاں جیسے ہی چاکر اعظم چوک میر عیسی قومی پارک کے قریب پہنچیں تووہاں پہلے سے موجود خاتون خود کش حملہ آور نے گاڑیوں کے قریب جا کر خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار نیاز احمد موقع پر ہی شہید جبکہ لیڈی کانسٹیبل سمیت 2اہلکار شدید زخمی ہو گئے ۔
اطلاع ملنے پر پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر لاش اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔
خودکش حملے میں 3گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ کمشنر ہاؤس، ڈی پی او آفس،لاء کالج اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم سیکیورٹی اہلکار محفوظ رہے ۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے خاتون خود کش حملہ آور کا سر اور دیگر اعضا تحویل میں لے لیے۔
ذرائع نے بتایا کہ خاتون خود کش حملہ آور پہلے سے میر عیسی قومی پارک کے باہر بینچ پر بیٹھی ہوئی تھی ۔ سی ٹی ڈی کی ٹیم نے قریبی عمارتوں پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ بھی قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تربت میں خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت کیا ہے۔
وزیراعظم نے شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ انہوں نے زخمی خاتون پولیس اہلکار سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے زخمی خاتون پولیس اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے تربت بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت اور ایک خاتون اہلکار کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کا مقصد ترقیاتی عمل کو روکنا اور سیکیورٹی فورسز کو مرعوب کرنا ہے، دہشت گردوں کے مزموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، ترقی کا عمل جاری رکھ کر عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی پسماندگی کے خاتمے کو یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے عزم اور حوصلے کو پست نہیں کیا جا سکتا ، مکران کے باشعور عوام ترقی مخالف عناصر کے عزائم ناکام بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے شہید اہلکار کے خاندان سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے بھی تربت میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بیرونی قوتوں کی ایما پر دہشت گردی کے منصوبے کو خاک میں ملائیں گے۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے تربت میں خود کش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
مریم نواز نے شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت اور شہید کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے تربت خودکش حملے میں خاتون پولیس اہلکار سمیت دیگر زخمیوں سے اظہار ہمدردی اور جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔