لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں ڈسچارج کرنے کے عدالتی فیصلے کے خلاف حکومتی اپیل سماعت کیلئے مقرر کرلی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ حکومتی اپیل پر 26 جون کو سماعت کرے گا۔
پنجاب حکومت نے انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے فیصلے کے خلاف اپیل داٸر کر رکھی ہے جس پر آخری مرتبہ 8 جون کو سماعت ہوئی تھی، عدالت نے حکومتی اپیل پر پولیس ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔
حکومتی اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے حقائق کو نظر انداز کرکے ڈاکٹر یاسمین راشد کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا۔
اپیل میں استدعا کی گئی کہ سابق صوبائی وزیر کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا عدالتی فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔