Aaj Logo

اپ ڈیٹ 24 جون 2023 06:03pm

آئی ایم ایف پروگرام بحالی کی راہ میں تمام رکاوٹیں دور، جلد معاہدے کا اعلان متوقع

اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان جلد باضابطہ طور ہر معاہدے کے اعلان کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق 9 ویں جائزے اور پروگرام بحالی کی راہ میں تمام رکاوٹیں دور ہونے کے بعد آئی ایم ایف اور پاکستان حتمی ڈیل کے قریب پہنچ گئے ہیں لہٰذا معاہدے کا جلد اعلان متوقع ہے۔

لندن روانگی سے قبل وزیراعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات

دوسری جانب پیرس میں لندن روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹینا جورجیوا سے ملاقات ہوئی۔

شہباز شریف اور ایم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان پہلے بھی پیرس میں 3 ملاقاتیں ہوئیں۔

وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو مکمل کرنے کے پاکستان کے عزم کو دوہرایا۔

اس موقع پر شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اپنی تمام کمٹمنٹس کو پورا کرنے کا جذبہ اورعزم رکھتا ہے، پاکستان کو معاشی چیلنجز سے نکلنے میں دنیا کی معاونت کی قدر کرتے ہیں، سیلاب نے معاشی مشکلات کو مزید مشکل بنایا لیکن پاکستان نے اس کے باوجود اپنی عوام کو ریلیف دیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کو ریلیف ملنا ان کا حق ہے، معاشی مشکلات نے عوام کو بہت زیادہ تکلیف میں مبتلا کیا، جو ان کی برداشت سے باہر ہے، عوام کے ریلیف اور معاشی حقائق کے درمیان توازن چاہتے ہیں، معیشت کو واپس گروتھ پرلانا آئی ایم ایف اہداف کے حصول کے لیے ضروری ہے۔

اس سے قبل بھی وزیراعظم شہباز شریف نے پیرس میں ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹینا جورجیوا سے ملاقات کی تھی جبکہ ہفتے کو آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ کی ٹیم نے ڈرافٹ کو حتمی شکل دی تھی۔

ادھر مالی سال 24-2023 کے وفاقی بجٹ کی منظوری سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے سامنے مزید شرائط رکھ دیں۔

انگریزی اخبار میں شائع ہونے والی خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کی جابنب سے بجٹ کی منظوری سے قبل وزارت خزانہ کے سامنے مزید شرائط پورے کرنے کا مطالبہ رکھا گیا ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف نے اخراجات میں کٹوتی، ایک لاکھ ڈالر پاکستان لانے کی اسکیم واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

واضح رہے کہ بجٹ میں بیرون ملک سے سالانہ ایک لاکھ ڈالر پاکستان لانے پر ذرائع آمدن نہ پوچھنے کی اسکیم لائی گئی جس پر اعتراض کے بعد ترامیم کی جاسکتی ہے۔

اس کے علاوہ عالمی مالیاتی فنڈ نے بجلی کی سبسڈی کو مزید محدود کرنے اور پیٹرولیم لیوی بڑھانے کا اختیار پارلیمنٹ کے بجائے کابینہ کو دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران فنانس بل میں ترامیم کا اعلان کر سکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے بجٹ میں دی گئی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سبسڈی پر گرین سگنل دے دیا۔

Read Comments