Aaj Logo

شائع 23 جون 2023 11:30pm

اس وقت کوئی چیئرمین پی ٹی آئی کی شکل بھی نہیں دیکھنا چاہتا، وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اس وقت چیئرمین پی ٹی آئی کی شکل کوئی بھی نہیں دیکھنا چاہتا، اسی نے ہماری پیپلزسروس کو آگ لگانے کے احکامات دیئے تھے۔

ابراہیم حیدری میں بلوچ مجاہد فٹبال گراؤنڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں شہر کی ترقی کے لیے کام کرتے رہیں گے، ہم نے شہریوں کو تفریحی مواقع فراہم کرنے کی غرض سے پیپلز اسکوائر بنایا تھا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ککری گراؤنڈ میں فٹبال گراؤنڈ ،کراٹے کا ہال بنایا گیا ہے، کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے شہر میں پانچ مزید گراؤنڈ بنائیں گے، 8 پارک ایسے ہیں جن کو درست کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے، یہاں فٹبال گراؤنڈ کے ساتھ ساتھ ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کا بھی افتتاح کیا گیا ہے، ورلڈ بینک کا شکر گزار ہوں یہ پراجیکٹ ان کے تعاون سے مکمل ہوا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اکتوبر میں عام انتخابات ہوں گے، الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے، انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے اور عوامی ووٹوں کی طاقت سے بلاول بھٹو وزیر اعظم منتخب ہوں گے، آصف زرداری انتخابی مہم میں زیادہ توجہ پنجاب پر دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ لوگ پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف کی شکل کوئی دیکھنا نہیں چاہتا، ان کے احکامات پر ہماری پیپلز سروس پر آگ لگائی گئی تھی۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ مجھے نہیں پتہ نعیم الرحمان کون ہیں، مجھے مرتضی وہاب کا نام آتا ہے، وہ اس شہر کی خدمت کریں گے، ہم نے میئر کی نشست شفاف طریقے سے جیتی ہے، سراج الحق میرے لیے بہت محترم ہیں، وہ مجھے اچھی طرح جانتے ہیں، اور ہمیشہ میری تعریف کی، وہ مجبور ہیں ورنہ میری تعریف ہی کرتے۔

Read Comments