پی سی بی الیکشن کمشنر نے نئے چئیرمین کے انتخاب کیلئے گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس 27 جون کو طلب کر لیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے الیکشن کمشنر شہزاد رانا نے نئے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لئے 27 جون کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
اجلاس دوپہر 2 بجے ہو گا، جس میں پی سی بی کے نئے چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا، اور نئے چیئرمین کے انتخاب کے لئے 10رکنی گورننگ بورڈ کے ممبراناپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
پیٹرن ان چیف پاکستان کرکٹ بورڈ اور وزیراعظم شہباز شریف کے نامزد ذکاء اشرف چئرمین شپ کیلئے مضبوط امیدوار ہیں اور ان کے بلامقابلہ منتخب ہونے کا قوی امکان ہے۔
گزشتہ روز پی سی بی کے الیکشن کمشنر شہزاد رانا نے گورننگ بورڈ کے ناموں کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق نئے بورڈ میں لاڑکانہ، ڈیرہ مراد جمالی، حیدرآباد، بہاولپور ریجن، نیشنل اور اسٹیٹ بنکس، سوئی ناردرن اور سوئی سدرن بھی گورننگ بورڈ میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پی سی بی کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لئے پہلے 28 جون کی تاریخ دی گئی تھی، تاہم وفاقی حکومت کی جانب عیدالاضحٰی کی چھٹیوں میں اضافے اور 28 جون کو چھٹی میں شامل کئے جانے کے بعد پی سی بی کی جانب سے تاریخ تبدیل کرکے 27 جون کر دی گئی ہے۔