وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے الیکشن کمیشن سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں التوا کی درخواست کردی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن پہلے ہونے سے عام انتخابات پر اثر پڑے گا اور پیچیدگی ہوگی، نوازشریف عام انتخابات سے پہلے وطن آئیں گے اور انتخابی مہم کی سربراہی کریں گے۔
چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی زیرصدرارت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد شریک ہوئے۔ بلدیاتی انتخابات اورجنرل الیکشن کے معاملات زیرغورآئے۔
ذرائع کے مطابق شرکاء کو شہرِ اقتدار کی نئی حلقہ بندیوں متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیرداخلہ نے کہا کہ 9 مئی کے بعد ملک میں انتخابات کے لیے ماحول سازگار بنایا جاچکا ہے، انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، ایسے وقت میں بلدیاتی انتخابات جنرل الیکشن پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف آٸندہ عام انتخابات سے پہلے وطن واپس آٸیں گے اور مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کی سربراہی کریں گے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ اختلاف جمہوریت کا حسن ہے، مختلف مسائل پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا اپنا اپنا نکتہ نظر ہے۔