Aaj Logo

اپ ڈیٹ 22 جون 2023 11:34am

کارکنوں کو ورغلانے پر پی ٹی آئی نے پرویز خٹک کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی اراکین کو جماعت سے علیحدگی کی ترغیب دلوانے پر سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے پرویز خٹک کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔

پی ٹی آئی نے پرویز خٹک کے خلاف جماعتی سطح پر کارروائی کا آغاز کردیا، انہیں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 7 روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔

شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جماعت کےعلم میں آیا ہے کہ آپ اراکین سے روابط قائم کر کے انہیں جماعت سے علیحدگی اختیار کرنے پر اکسا رہے ہیں۔

شوکاز نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ اگر تسلی بخش جواب نہیں ملا تو پرویز خٹک کے خلاف کارروائی ہوگی، 9 اور 10 مئی کے بعد پرویز خٹک نے صوبائی صدارت سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھاکہ کئی دنوں سے ملک میں سیاسی حالات کو دیکھ رہا ہوں، 9 مئی کے واقعات کی پہلے ہی مذمت کر چکا ہوں، ملک کا سیاسی ماحول بہت خراب ہے اس ماحول میں چلنا مشکل ہے۔

Read Comments