کراچی میں لگنے والی ایشیا کی سب سے بڑی منڈی سپر ہائی وے سے منتقل ہوکر ناردرن بائی پاس کے علاقے تیسر ٹاؤن میں منتقل ہونے کے بعد جرائم پیشہ افراد کی چاندی ہوگئی ہے۔
کراچی کے علاقے سپر ہائی وے کے قریب اسکیم- 33 پر گزشتہ کئی دہائیوں سے لگنے والی ایشیا کی سب بڑی منڈی رواں برس ناردرن بائی پاس کے علاقے تیسر ٹاؤن میں قائم کی گئی ہے، تاہم صارفین کا یہ کہنا ہے کہ منڈی کا نیا مقام سنسان علاقہ ہونے کی وجہ سے ڈاکوؤں کا گڑھ ہے۔
پاکستان میں عیدالاضحیٰ 29 جون کو ہوگی لیکن اسے قبل کراچی کے شہریوں کے لئے قربانی کا جانور خریدنا ”جوئے شیر لانے“ کے مترادف ہوگیا ہے، کیوں کہ مویشی منڈی کے قریب ڈکیتی کی وارداتوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
آئے روز سوشل میڈیا اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر عوام کے لٹنے کی خبریں اور ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں، اور سوشل میڈیا پر تو عوام کی شکایات کا انبار لگا ہوا ہے۔
رواں ماہ کے اوائل میں معروف کامیڈین ولی شیخ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے بتایا کہ ناردرن بائی پاس پر انڈس چوک کے قریب ان کا اور ان کے دوست عفان کا موبائل فون چھین لیا گیا، جب کہ ڈکیت ان سے گھڑی اور 85 ہزار روپے نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر ایک ایک آڈیو پیغام بھی وائرل ہوا ہے، جس میں سید فارم سے تعلق رکھنے والے سید عبدالسمیع نامی شخص نے دعویٰ کیا کہ جب وہ مویشی منڈی جا رہے تھے تو ڈاکوؤں نے اس کا موبائل فون، لیپ ٹاپ اور 7 لاکھ روپے لوٹ لیے۔ یہ پیغام مختلف واٹس ایپ گروپس میں گردش کرتا ہوا ”آج نیوز“ کے نمائندے کو بھی موصول ہوا۔
سائٹ سپر ہائی وے تھانے اور گلشن معمار پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ اوز نے آج نیوز کے ساتھ درج ذیل کرائم ہاٹ اسپاٹس شیئر کیے ہیں:
”انڈس ولیج“ ناردرن بائی پاس کے جنوبی حصے میں واقع ہے، جو سپر ہائی وے پر مشہور ریسٹورینٹ الحبیب سے تقریبا 3.6 کلومیٹر دور ہے۔
لیبر اسکوائر ناردرن بائی پاس پر واقع ہے، جو سپر ہائی وے سے آنے پر مویشی منڈی سے تقریبا 2 کلومیٹر دور ہے۔
اے آر وائی پرل ریزیڈنسی روڈ بلاول بھٹو کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب گلشن معمار روڈ کا حصہ ہے۔
معمار موڑ سپر ہائی وے اور ناردرن بائی پاس سپر ہائی وے لنک روڈ کے چوک پر سپر ہائی وے پر مشہور ریسٹورنٹ شاہین شنواری کے قریب واقع ہے۔
اے -25 بس اسٹاپ ناردرن بائی پاس اور سپر ہائی وے لنک روڈ پر واقع ہے، جو سپر ہائی وے سے تقریبا 1 کلومیٹر دور ہے۔
گو پیٹرول پمپ، احسن آباد مویشی منڈی کے جنوب مغرب میں معمار ایونیو پر واقع ہے۔
معمار تھانے کے ایس ایچ او بشیر احمد نے ڈکیتیوں میں اضافے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’گزشتہ 15 دنوں میں ہمارے تھانے کی حدود میں ایک بھی ڈکیتی کی اطلاع نہیں ملی۔
انہوں نے ”آج نیوز“ کو بتایا، “مویشی منڈی میں آنے والے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے سڑکوں پر تقریبا 350 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ”سائٹ سپر ہائی وے“ کے ایس ایچ او اورنگزیب خٹک کا کہنا تھا کہ ہمارے علاقے کی حدود تقریبا محفوظ ہے اور ڈکیتی کی وارداتیں معمار تھانے کی حدود میں ہو رہی ہیں۔