صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے زچگی کی چھٹی کے بل 2023 کی توثیق کردی۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق بل کے تحت وفاقی حکومت کے اداروں کی خواتین ملازمین سروس میں 3 مرتبہ مکمل تنخواہ کے ساتھ زچگی کے لیے چھٹی لے سکیں گی۔
نئے قانون کے تحت خواتین ملازمین پہلی دفعہ 180 دن، دوسری دفعہ 120 دن اور تیسری دفعہ 90 دن کی زچگی کی چھٹی لے سکیں گی۔
مرد ملازمین پوری سروس کے دوران 3 مرتبہ صرف 30 دن کی چھٹی لے سکیں گے۔
قانون کا اطلاق وفاقی حکومت کے زیرانتظام تمام سرکاری اور نجی اداروں پر ہوگا، خلاف ورزی کی صورت میں 6 ماہ تک قید یا ایک لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔
صدر مملکت نے بل کی توثیق آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت کی ہے۔