میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ دس روز میں وہ اور ڈپٹی میئر الیکشن لڑیں گے۔ آئندہ سو دنوں میں شہر میں بہتری لانے کا اعلان بھی کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آئندہ سو دنوں میں شہریوں کو بہتری نظر آئے گی، ہم سب مل کر کراچی کے شہریوں کی خدمت کریں گے۔ کام کی نیت بھی ہے اور کام ہوتا نظر بھی آئے گا، ہم تنقید کا جواب تنقید کے بجائے اپنے کام سے دیں گے، میری ترجیح کے ایم سی کو مالی طو ر پر مستحکم کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اندازہ ہے کہ کراچی میں بے شمار مسائل ہیں، بہت سی چیزوں کو درست کرنے کی ضرورت ہے، بارش کے بعد ہونے والے مسائل پہلے حل کریں گے، نالوں کی تعمیر و مرمت کی ضرورت ہے، شہر کی سڑکوں اور دیواروں پر اشتہار نہ لگائے جائیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہر میں پانی کی ترسیل ہماری ترجیح ہوگی، ماضی میں کسی نے پانی بڑھانے پر توجہ نہیں دی، وفاق سے بھی پانی بڑھانے کی کوشش کریں گے ساتھ ہی حب ڈیم سے نئی کینال کراچی لائی جائے گی، نئی کینال پرانی کینال کے ساتھ ڈالی جائے گی جبکہ ویسٹ واٹر کو بھی ری سائیکل کیا جائےگا۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ شہریوں کی مشکلات میں کمی لانا چاہتے ہیں، سیوریج کے پانی سے سڑکیں خراب ہوتی ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے کراچی میں پیپلز بس سروس شروع کی گئی، جس سے شہریوں کی بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے۔