سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربعیہ کا کہنا ہے کہ رواں برس 160 ممالک کے 20 لاکھ سے زائد عازمین مناسک حج ادا کریں گے جن کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر توفیق الربعیہ کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کے بعد دنیا بھر سے عازمین حج کی بڑی تعداد سعودی عرب پہنچ رہی ہے جس میں دنیا کے 160 ممالک کے 20 لاکھ سے زائد عازمین حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے۔
انھوں نے بتایا کہ عازمین کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے 32 ہزار سے زائد پریکٹیشنرز عازمین کی خدمت کر رہے ہیں۔ 24 ہزار مسافر بردار بسیں فراہم کی گئی ہیں، دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی کے 20 لاکھ 192 ہزار مربع میٹر کے علاقے میں سہولیات کو فراہم کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مزدلفہ اور منیٰ میں گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لئے ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد درخت لگائے گئے ہیں، مشاعر مقدسہ منیٰ، مزدلفہ اور میدان عرفات میں حجاج کرام کی آمد و رفت کے لئے 17 ٹرینیں چلائی جائیں گی جو 9 اسٹیشنوں پر عازمین کو سفری سہولت فراہم کریں گی۔
دنیا بھر سے آئے عازمین کی سیکیورٹی کے حوالے سے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربعیہ کا کہنا تھا کہ سعودی آرمی سمیت حج و عمرہ فورس اور پولیس کے ہزاروں اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔