خیبر پختونخوا کے نگران صوبائی وزیر اطلاعات میاں فیروز جمال شاہ کاکا خیل نے مختلف مقامات پر وال آف شیم بنانے کا اعلان کردیا۔
خیبر پختونخوا کے نگران صوبائی وزیر اطلاعات میاں فیروز جمال شاہ کاکا خیل نے ذاتی خرچ پر مختلف مقامات پر وال آف شیم بنانے کا اعلان کیا ہے۔ وال آف شیم پر 9 اور 10 مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں اور شرپسندوں کی تصاویر لگائی جائیں گی۔
صوبائی نگران وزیراطلاعات کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 9 اور 10 مئی کو ریڈیو پاکستان، جی ایچ کیو اور جناح ہاوس پر حملوں کرنے والے شر پسندوں کے تصاویر وال آف شیم پرچسپاں کی جائیں گی، وال آف شیم ریڈیو پاکستان عمارت سمیت مختلف مقامات پر بنائی جائے گی، اور اس پر آنے والے اخراجات ذاتی طورپربرداشت کروں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 27 مئی کو جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں نامعلوم افراد کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں کے خلاف بینرز لگائے گئے تھے، اور مختلف جگہوں پر وال آف شیم بنائی گئیں۔
جوڈیشل کمپلیکس کے باہر وال آف شیم پر پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف بینرز آویزاں تھے اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی تصویروں والے بینرز پر نعرے درج تھے، جب کہ اسلام آباد کچہری چوک روڈ اور اے ٹی سی کے باہر بھی مختلف بینرز اور پی ٹی آئی رہنماوں کی تصاویر والے پینا فلیکس آویزاں کئے گئے تھے۔