پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم نے 2018 کی دھاندلی کے سرپرست رہنے دیئے نہ ان سے فائدہ اٹھانے والے، کسی پر الزام نہ لگاؤ ہم نے تمہارا تختہ الٹا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بیرونی ایجنٹوں نےملکی معیشت کوجام کیا، ان لوگوں نے ملکی معیشت کی عمارت کو زمیں بوس کیا، اور ترقی کا سفرروک دیا گیا لیکن ہم نے ہمت نہیں ہاری۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 2018 کی دھاندلی کے الیکشن کے سرپرست ہمیں معلوم ہیں، ہم نے اس دھاندلی کے سرپرست رہنے دیئے نہ ان سے فائدہ اٹھانے والے، کسی پرالزام نہ لگاؤ، ہم نے تمہاراتختہ الٹا ہے، پارلیمنٹ اور جمہوریت کے راستے سے تحریک انصاف کا سر کچل کر ان کا تختہ الٹ کر رکھ دیا ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم نے ہم نے گزشتہ حکومت کے جبر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، پاکستان میں 14ملین مارچ کیے، ہر ملین مارچ میں 3 کلو میٹر تک عوام کا سمندر تھا، ہم نے پورے ملک میں پر امن مظاہرے اور جلسے کیے، ہمارے جلسوں، مظاہروں اور ملین مارچ میں ایک گملا نہیں ٹوٹا، لیکن ایک شخص نے احتجاج کے نام پر حساس تنصیبات پر حملے کیے، اور آج وہ بلوں میں گھسے ہوئے ہیں، تلاش کے باوجود اب وہ ریاست کو بھی نہیں مل رہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تم نے ریاست، جی ایچ کیو، کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ کیا، ریاست کیلئے قربانی دینے والے سپوتوں کی یادگاروں کو اکھاڑا، ملک دشمن قوتیں ایک شخص کی حمایت کررہی ہیں، ہم نے تمہارے خلاف پہلے دن جو آواز بلند کی تھی وہ صحیح نکلی، میں نے پہلے ان کے نام بتا دیئے تھےجو ٹی وی اینکر اب بتا رہے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں ہمارے منصوبوں کو روکا، آج ہم نے وہ ترقی کا سفر پھر سے شروع کر دیا ہے، سی پیک آج پھر سے شروع ہو رہا ہے اور سارے سیکشن پر کام شروع کیا جائے گا، یارک انٹر چینج سے ٹانک تک کی سڑک کا کام جاری ہے، سی پیک تجارتی شاراہوں اور اقتصادی راستے کے ساتھ یہاں انڈسٹریل ایریا بنے گا، یہاں ایک نیا شہر تعمیر ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سی پیک اور چین کے تعاون سے 1700 میگا واٹ بجلی کو 17 ہزار میگا واٹ بجلی تک پہنچائیں گے، ہم بنوں میں بھی انڈسٹریل ایریا بنانے جارہے ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان میں ریجنل کارگو ائیر پورٹ بنائیں گے۔