معروف اداکار وہاج علی نے کہا ہے کہ انھیں ڈراموں میں مرکزی کردار حاصل کرنے کے لئے بہت جدوجہد کرنی پڑی ہے۔
حال ہی میں اداکار وہاج علی کی ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں انہوں نے کہا کہ انہیں بحیثیت اداکار انڈسٹری میں اپنی جگہ بنانے کے لئے خوب جدوجہد کرنی پڑی ہے ۔
ویڈیو میں اداکار کو کہتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے کہ بطور اداکار انہیں بے شک ابتدائی پروجیکٹس حاصل کرنے میں زیادہ جدوجہد نہیں کرنا پڑی لیکن مرکزی کرداروں کو حاصل کرنے کے لیے بہت جدوجہد کی ہے۔
وہاج علی نے کہا کہ انہوں نے بطور اداکار اپنے ہنر اور اداکاری کو سیکھنے اور اسے بہتر سے بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔
وہاج علی اس وقت دومقبول پاکستانی ڈراموں میں نظر آرہے ہیں ڈرامہ سیریل تیرے بن میں مرتسم کا کردار ادا کررہے ہیں جس کو ناظرین بہت زیادہ پسند کررہے ہیں جبکہ ڈرامہ مجھے پیار ہوا تھا میں وہ سعد کے کردار میں نظر آرہے ہیں ۔
اس سے قبل اداکار ڈرامہ سیریل ’دل ناامید تو نہیں‘، ’جو بچھڑ گئے‘ اور ’عشق جلیبی‘ میں پہلے ہی اپنی اداکاری کا لوہا منواچکے ہیں۔