سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ایڈیشنل اینڈ سیشن جج طاہرعباس سپرا نے فواد چودہری پر چیف الیکشن کمشنر سمیت کمیشن کے دیگر اہلکاروں کے اہل خانہ کو دھمکیاں دینے کے الزام سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
سابق وفاقی وزیر اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے کہا کہ 24 جون کو فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
عدالت نے مقدمے کی نقول فواد چوہدری کو فراہم کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر انہیں حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے کیس کی سماعت 24 جون تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور دیگر اراکین کو دھمکیاں دینے کے کیس میں ہی فواد چوہدری کو 25 جنوری کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا۔