Aaj Logo

شائع 16 جون 2023 05:30pm

سری لنکا کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی گئی

کپتان بابراعظم اور سلیکشن کمیٹی کی مشاورت کے بعد دورہ سری لنکا کے لئے قومی اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی گئی۔

دورہ سری لنکا کے حوالے سے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور سلیکشن کمیٹی کی مشاورت مکمل ہوگئی ہے اور سری لنکا کے خلاف اسکواڈ کو حتمی شکل بھی دے دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان (کل) ہفتے کے روز متوقع ہے، اور قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں تین تبدیلیوں کا امکان ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی ایک سال کے بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوگی، اور قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں دو نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا۔

فاسٹ بولرعامر جمال، محمد عباس اور احسان اللہ کی سلیکشن کے لیے دوڑ جاری ہے، عامر جمال کو آل راونڈر کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے، پاکستان شاہینز میں عمدہ پرفارمنس دینے پر محمد حریرہ کی شمولیت کا امکان

قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں بابراعظم کپتان، عبداللہ شفیق، شان مسعود، امام الحق، محمد رضوان، سابق کپتان سرفراز احمد، سلمان علی آغا، سعود شکیل، محمد حریرہ جب کہ اسپنرز میں نعمان علی، ابرار احمد اور محمد نواز ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق فاسٹ بولرز میں شاہین شاہ آفریدی،حسن علی ،عامر جمال اور نسیم شاہ شامل ہوں گے، کامران غلام،محمد وسیم جونئیر،زاہد محمود ڈراپ کئے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سری لنکا کے خلاف جولائی میں دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گا،، پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔

Read Comments