پنجاب حکومت نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کا جیل کے اندر ٹرائل کا فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کا جیل کے اندر ٹرائل کیا جائے گا، جب کہ ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات کی سماعت روزانہ ہوگی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ جیل کے اندر ٹرائل کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا، جب کہ واقعہ میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
نگران وزیراعلی محسن نقوی نے پولیس اور محکمہ پراسیکیوشن کو ملزمان کے خلاف مضبوط شہادتیں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث کسی بھی شرپسند کو معاف نہیں کیا جائے گا اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں ہونے دی جائے گی-