عدالت نے بچوں سے زیادتی اور غیر اخلاقی وڈیوز بنانے والے مجرمان کو 50، 50 سال قید بامشقت لاکھوں روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
ساہیوال کی مقامی عدالت میں بچوں سے زیادتی اور غیر اخلاقی وڈیوز بنانے کے کیس کی سماعت ہوئی، پولیس نے کیس میں نامزد 4 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ تھانہ فرید ٹاؤن کے علاقہ القریش ٹاون میں ملزمان کم عمر بچوں کے ساتھ نازیبا ویڈیوز بناتے تھے اور آگے فروخت کرتے تھے، اس جرم میں چاروں افراد کو 2021 میں گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان بھکاری و دیگر بچوں سے غیر اخلاقی حرکات کراتے اور ویڈیو بھی بناتےتھے، گرفتاری کے وقت ملزمان کے موبائل فونز سے نازیبا ویڈیوز بھی برآمد ہوئی تھیں، جب کہ ملزمان کی نشاندہی پر یو ایس بی، موبائلز بھی برآمد ہوئے جن میں غیر اخلاقی ویڈیوز ملی تھیں۔
ایڈیشنل سیشن جج غزالہ یاسمین نے تین مجرمان کو جرم ثابت ہونے پر 50، 50 سال قید بامشقت اور 20 لاکھ 50 ہزار روپے فی مجرم جرمانہ، جب کہ چوتھے مجرم کو 20 سال قید بامشقت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔