پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی نے کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے الیکشن کے موقع پر ہونے والے تصادم کے حوالے سے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ہنگامہ آرائی کیلئے تیاری کے ساتھ آئی۔
آج نیوز سے گفتگو میں سعید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے میئر کراچی کے الیکشن کے موقع پر اپنے کارکنوں کو نہیں بلایا تھا جبکہ جماعت اسلامی نے کیمپ لگایا اور کارکنوں کو بلایا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے کارکنوں نے نعرے بازی کے ساتھ پتھراؤ کیا، یہ لوگ ہنگامہ آرائی کیلئے تیاری کے ساتھ آئے جبکہ ہمارے کارکنوں کی تعداد چند درجن تھی لیکن بعد میں شاید پیپلزپارٹی کے کارکن آگئے ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ ذمہ دار لوگوں کو انتخابی نتائج قبول کرنے چاہئیں، الیکشن کمیشن نے 9 سے 11 بجے تک ارکان کو آنے کا کہا تھا، سوا 11 بجے ہال کے دروازے بند کردیئے گئے، اس کے بعد کوئی رکن ہال کے باہر موجود نہ تھا، تمام ارکان کو وقت پر ایوان میں پہنچنا چاہئے تھا۔