Aaj Logo

شائع 15 جون 2023 10:48am

شہر یار آفریدی کیس میں توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہر یار آفریدی کے کیس میں توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

دوران سماعت وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے، شہریار آفریدی کو اسلام آباد میں متعلقہ عدالت کے روبر و پیش نہیں کیا گیا جبکہ انھیں اس سیل میں رکھا گیا جہاں ممتاز قادری کو رکھا گیا تھا۔

شیر افضل مروت نے بتایا کہ شہر یار آفریدی کے ایک بازو میں بھی تکلیف ہے، مناسب طبی سہولت فراہم نہیں کی جارہی۔

عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ سابق وزیر کی حوالگی کیلئے محکمہ داخلہ اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو خط لکھا تھا جس کے باوجود شہریار آفریدی کی حوالگی نہیں دی گئی۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے پر مناسب حکم نامہ جاری کریں گے۔ کیس کی دوبارہ سماعت 19 جون تک ملتوی کردی گئی۔

Read Comments