وزیراعظم شہباز شریف 14 سے 15 جون تک آذربائیجان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت تعاون کے اہم شعبوں پرمذاکرات کریں گے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق صدر آذربائیجان الہام علیوف کی دعوت پر وزیراعظم 14 سے 15 جون 2023 تک آذربائیجان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
آذربائیجان کے ساتھ تعاون کے ترجیحی شعبوں کی نمائندگی کرنے والے وزراء بھی وزیراعظم کے وفد کا حصہ ہوں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف صدرالہام علیوف سے تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی اور توانائی سمیت تعاون کے اہم شعبوں پر وسیع مذاکرات کریں گے جبکہ عالمی اور علاقائی فورمز میں باہمی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان اورآذربائیجان کے برادرانہ تعلقات مشترکہ عقیدے، ثقافت اور تاریخ پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک عالمی اور علاقائی معاملات پر ایک جیسے خیالات رکھتے ہیں۔
اعلیٰ قیادتی سطح پر وفود کے متواتر تبادلے دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دیتے ہیں۔