وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے تسلیم کرلیا کہ ان کے پاس اپنے قتل کی سازش کا کوئی ثبوت نہیں، عمران خان کے بے بنیاد الزامات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، وہ قتل کی سازش کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کرسکے، وہ بغیر ثبوت کے الزام تراشی کے ماہر ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے اپنے قتل کی سازش کا الزام لگایا تھا، جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ان کی ویڈیوز دکھائیں، انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ میری ہی آواز ہے، انہوں نے بیانات کے ثبوت نہ ہونے کا اعتراف کیا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان سے پوچھا گیا کہ آپ نے اتنے سنگین الزامات کیسے لگائے، انہوں نے کہا کہ مجھے کسی نے بتایا تھا، ان سے پوچھا گیا کہ آپ کو کس نے بتایا تھا، عمران خان نے جواب دیا کہ مجھے یاد نہیں کس نے بتایا تھا۔
رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے کسی جگہ یہ نہیں کہا کہ یہ میری آڈیو یا بیان نہیں، انہوں نے سنی سنائی باتوں پر بیان دینے کا اعتراف کیا، جے آئی ٹی کے پاس ان کا دستخط شدہ بیان موجود ہے، وہ بغیر ثبوت کے الزام تراشی کے ماہر ہیں، انہوں نے جھوٹے بیانات سے نوجوان نسل کو گمراہ کیا، یہ ذہن سازی 2014 سے جاری ہے، یہ کہتے تھے کہ 10 لاکھ نوجوانوں کی فورس تیار کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا، کووڈ کی عالمی امداد کو ٹائیگر فورس پر خرچ کیا گیا، ٹائیگر فورس کے نام پر گالم گلوچ بریگیڈ بنائی گئی، عمران خان فورس کے ذریعے ملک پر قابض ہونے کی سازش بنارہا تھا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ 9 مئی کو اپنے ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے گرفتاری کو بہانا بنایا، افواج پاکستان کو تقسیم کرنے کی سازش کی گئی، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، ان کا خیال تھا کہ عوام کا ردعمل ان کے حق میں ہوگا، عوام اپنی محب وطن افواج کے ساتھ کھڑے ہوگئے، ان کے بے بنیاد الزامات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ملک دشمن پروپیگنڈا ہو یا گمراہی، قانون اپناراستہ لے گا، کسی بے گناہ کو اس میں ملوث نہیں کیا جائے گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ن لیگ نے کسی جماعت سے انتخابی اتحاد کرنے کا فیصلہ نہیں کیا، سیاسی اتحاد ہمارے مفاد میں نہیں ہے، عمران خان کہتا تھا سیاسی مخالفین سے بات کرنے سے بہتر ہے مرجاؤں، وہ فتنا اللہ کے فضل سے اپنے انجام تک پہنچا ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ سب جماعتوں کے ساتھ بات ہوسکتی ہے، تمام جماعتوں کو مل کر مل کو اس صورتحال سے نکالنے کے لیے کوشاں ہونا چاہیئے، 9 مئی کے واقعات میں کچھ نے نیم دلی اور کچھ نے بھرپور کردار ادا کیا، جو لوگ براہ راست ملوث ہیں ان کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیئے۔