وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ٹک ٹاکر صندل خٹک کو گرفتار کرلیا۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ٹک ٹاکر حریم شاہ کی نازیبا ویڈیو لیک ہونے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کی نازیبا ویڈیوز لیک کی سماعت کی، سماعت کے دوران مدعی حریم شاہ اور ملزمہ صندل خٹک اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت مں پیش ہوئیں۔
دوران سماعت ملزمہ صندل خٹک نے کہا کہ حریم شاہ کی ویڈیوز ابھی لیک ہوئیں ہیں، وہ مجھے کئی سال سے تنگ کررہی ہے، حریم شاہ مجھے نازیبا تصاویر کے ذریعے بلیک میل کر رہی ہے۔
انہوں نے مؤقف اپنایا کہ میں نے نہ حریم شاہ کی ویڈیو بنائی نہ لیک کیں، مجھ پر الزام لگایا جا رہا ہے۔
جس کے بعد سماعت کے دوران ٹک ٹاکر حریم شاہ نے شواہد پیش کرتے ہوئے وڈیوز اور تصاویر کمرہ عدالت میں دکھا دیں۔
جس پر پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ ٹک ٹاک پر کشمیر کی آزادی کے لیے ویڈیوز نہیں ڈالی جاتیں، ٹک ٹاکرز جو ویڈیوز بناتے ہیں، سب کو معلوم ہے۔
اسپیشل جج سینٹرل اعظم خان نے دلائل سننے کے بعد ملزمہ صندل خٹک کی درخواست ضمانت مسترد کردی، درخواست مسترد ہونے کے بعد ایف آئی اے نے صندل خٹک کو گرفتار کر لیا۔
صندل خٹک کی گرفتاری کے بعد حریم شاہ نے ٹوئٹ کیا کہ ’کل جو مجھے گرفتار کروانے عدالت پہنچ تھی آج خود اسی عدالت سے گرفتار ہو گئی‘۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر حریم شاہ کی کچھ غیر اخلاقی ویڈیوز منظر عام پر آئی تھیں، وائرل ویڈیو پر حریم شاہ نے الزام لگایا تھا کہ ان کی لیک ہونے والی غیر اخلاقی ویڈیوز قریبی دوست صندل خٹک اور عائشہ ناز نے موبائل چوری کرکے لیک کیں۔
ویڈیو پیغام کے ساتھ حریم شاہ نے کیپشن درج کرتے ہوئے لکھاکہ یااللہ پاک میں بہت کمزور ہوں میری مدد فرما، یااللہ پاک اس رمضان کے صدقے صندل خٹک اور عائشہ ناز کو برباد کر، یااللہ تو سب جانتا ہے تجھ سے کچھ چھپا نہیں میرے اللہ تو مجھے انصاف دلا دے۔