Aaj Logo

اپ ڈیٹ 12 جون 2023 12:55pm

عامر محمود کیانی کی ضمانت کی توثیق، یاسمین راشد کے وکیل کے دلائل مکمل

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما عامر محمود کیانی کی ضمانت کی توثیق کردی جبکہ یاسمین راشد کے وکیل کے دلائل مکمل ہوگئے۔

پی ٹی آئی کے سابق رہنما عامر محمود کیانی انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پیش ہوئے۔ اے ٹی سی کے جج راجہ جواد عباس نے محفوظ فیصلہ سنا دیا جس میں انھوں نے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیس میں عامر محمود کیانی کی ضمانت کی توثیق کردی ہے۔

دوسری طرف انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کے خلاف تھانہ شادمان نذرآتش کیس بھی زیر سماعت ہے۔عدالت میں یاسمین راشد سمیت 34 ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

جج اعجاز احمد بٹر نے درخواست ضمانت پر سماعت کی، یاسمین راشد کے وکیل میاں تبسم نے دلائل مکمل کر لئے۔ جس کے بعد عدالت نے شریک ملزمان کے وکلاء سے دلائل طلب کر لیے۔

واضح رہے کہ تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 34 ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

عمر سرفراز چیمہ کی درخواست تین روز میں نمٹانے کی ہدایت

سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں سماعت کی۔

پی ٹی آئی رہنما کے وکیل سرفراز چیمہ نے دلائل دئیے۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عمر سرفراز چیمہ سابق گورنر اور عمر رسیدہ شہری ہیں، نو مئی کے واقعات کے بعد انھیں گرفتار کرکے جیل میں رکھا گیا ہے۔

وکیل نے عدالت کو مزید بتایا کہ جیل میں عمر سرفراز چیمہ کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں، عدالت جیل حکام کو سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے۔

محکمہ جیل خانہ جات کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اے، بی اور سی کلاس صرف ان قیدیوں کو دی جاتی ہے جس کا کردار اچھا ہو، انکی درخواست پر میرٹ پر فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جج نے تو یہ دیکھنا ہے کہ ہمارے سامنے کیا استدعا کی گئی ہے۔ عدالت نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کو تین روز میں درخواست نمٹانے کی ہدایت کردی۔

Read Comments